اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس کے بجائے پیپلزپارٹی سے لڑ رہے ہیں ۔بلاول زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ کااجلاس ہوا۔جاری بیان کے مطابق اجلاس میں قراردیا گیا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات ناکافی ہیں۔ پارٹی نے حکومتی غیر سنجیدہ غیر ذمے دارانہ رویے اور ناکافی صحت کی سہولیات و لاک ڈائون سے دہاڑی دار طبقے کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر بلاول زرداری نے کہا کہ صحت کی اس ایمرجنسی کے دوران وفاقی حکومت کی طرف سے گلگت بلتستان کو ابھی تک ریلیف پیکیج نہ پہنچانا اور فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کے خلاف جہاد کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو حفاظتی کٹس مہیا نہ کرنا بہت بڑی مجرمانہ غفلت ہے۔ طبی عملے کا حفاظتی کٹس کے بغیر کام کرنا وفاقی حکومت کی نا اہلی ہے۔ ہم اپنے ہمسایہ ملک چین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بروقت گلگت بلتستان کی مدد کی اور طبی سہولیات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دہاڑی دار طبقے اور کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ماہانہ15000کا خصوصی پیکیج دے کیونکہ اس وقت گلگت بلتستان کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کی نہیں بنیادی صحت اور خوراک کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت سندھ حکومت کی طرح ترقیاتی بجٹ کو ہیلتھ ایمرجنسی اور ریلیف کے لیے مختص کرے۔ وڈیو لنک کانفرنس کے بعد پارٹی کے صوبائی عہدیداروں کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کورونا وائرس سے لڑنے کے بجائے پیپلزپارٹی کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔سندھ حکومت نے بلاول زرداری کی قیادت میں کورونا کی ایمرجنسی میں جس طرح دور اندیشی سے اقدامات اٹھائے ہیں اس پر انہیں سراہنے کے بجائے اپنے وزرا کو پیپلزپارٹی کے خلاف بیان بازی پر لگا دیا ہے۔ ایک طرف جب لاک ڈائون کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے ایسے وقت میں وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے احساس پروگرام کے نام پر خواتین کے ہجوم اکھٹا کر کے کورونا وائرس پھیلانے کا اہتمام کیا ہے جس سے بہت بڑے پیمانے پر کورونا وائرس پھیلا کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔علاوہ ازیںپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔بلاول زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کے درمیان کورونا وائرس سے متعلق صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بلاول زرداری نے برطانیہ میں مقیم کورونا وائرس کے شکار پاکستانیوں کے حوالے سے بھی برطانوی ہائی کمشنر سے بات چیت کی۔گفتگو کے دوران کورونا وائرس سے زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے عالمی تعاون اور رابطے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔