ملتان میں ماحول ناقابل یقینی تھا،شائقین کرکٹ کو ترس رہے ہیں،لیام

174

لندن (آئی این پی)انگلش اسپنر لیام لیونگ اسٹون نے پی ایس ایل کو آئی پی ایل کے ہم پلہ قرار دے دیا۔ انگلش کرکٹر کا کہنا ہے کہ ملتان میں دوران میچزماحول ناقابل یقین تھا،30 ہزار کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں 50 ہزار کے قریب تماشائی موجود رہے، کسی ایک ٹیم کیلئے نہیں، ہر اسٹروک اور وکٹ پر شور اٹھا، میں نے ایسا جوش و خروش دنیا میں کہیں نہیں دیکھا۔رواں سال پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے انگلش کرکٹرلیونگ اسٹیون بگ بیش اور انڈین پریمیئر لیگ میں بھی شرکت کرچکے ہیں، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کرکٹ کے معیار میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوا، دونوں ہم پلہ ہیں،پڑوسی ملکوں میں کرکٹرز اور شائقین اس کھیل پر دل و جان چھڑکتے ہیں،یہ بات دنیا کی کسی اور لیگ میں نظر نہیں آتی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے وینیوز بھی دیکھنے کا موقع ملا جہاں عوام ایک عرصے سے کرکٹ ایکشن کو ترس رہے تھے، ملتان میں ماحول ناقابل یقین تھا، اسٹیڈیم کی گنجائش 30 ہزار کے قریب ہوگی مگر میرا اندازہ ہے کہ وہاں 50 ہزار شائقین موجود تھے۔