سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے قریب گاؤں میں آتشزدگی کے ایک افسوسناک واقعہ میں 17 گھر جل گئے، گھر میں موجود ایک بچی جھلس کر جاں بحق، متعدد مویشی بھی ہلاک، لاکھوں روپے کا سامان راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق سکھر ضلع کی تحصیل روہڑی کے علاقے کندھرا کے قریبی گاؤں جمال جاگیرانی میں اچانک آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 17 گھروں کو جلا کر رکھ دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈھائی سالہ بچی صنم جاگیرانی جھلس کر جاں بحق جبکہ متعدد مویشی ہلاک ہوگئے، گھروں میں رکھا لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ علاقہ مکینوں اور فائر بریگیڈ کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ آتشزدگی کے باعث گھروں کے مکین آسمان تلے آگئے، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ سکھر کے تھانہ آباد پولیس کی کارروائی، خفیہ اطلاع پر بس ٹرمینل کے قریب کارروائی کے دوران چار ماہ قبل آباد کی حدود آئی بی اے انڈر پاس سے چھینی گئی ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی، پولیس ترجمان کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد موٹر سائیکل مالک کے حوالے کردی گئی۔ 16 نومبر 2019ء کو آباد کی حدود سرتاج شیخ سے نامعلوم ملزمان موٹر سائیکل CD70 نمبر ماڈل 2018ء چھین کر فرار ہوگئے تھے، واقعہ کا مقدمہ سرتاج شیخ کی مدعیت میں تین نامعلوم ملزمان کیخلاف تھانہ آباد میں درج کرلیا گیا۔ موٹر سائیکل برآمد کرکے اصل مالک سرتاج شیخ کے حوالے کردی گئی۔ سکھر پولیس کا جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈائون، مختلف کارروائیوں کے دوران چار مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق آباد کی حدود میں پولیس نے ناکہ بندی کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب مفرور 4 ملزمان گرفتار صفدر، سجاد بزاور، ربنواز شر کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ملزمان مختلف مقدمات میں سکھر پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ روہڑی سانگی کے قریب قومی شاہراہ پر پیٹرول سے بھرے ٹینکر کے الٹ جانے سے ڈرائیور عبدالغنی ولد میر محمد زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے فوری بعد موٹر وے پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر محاصرہ کرلیا اور زخمی ڈرائیور کو پنو عاقل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ٹریلر کراچی سے سانگی پی ایس او آئل ڈپو جارہا تھا۔ واقعہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، بتایا گیا ہے کہ آئل ٹینکر 40 ہزار لیٹر ڈیزل سے بھرا ہوا تھا۔