غریب2 ماہ سے بغیرتنخواہ کے گزارہ کر رہے ہیں،لاہورہائی کورٹ

142

لاہور(نمائندہ جسارت)لاہورہائی کورٹ نے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے نجی اسکولزکے دفاتر کھولنے کی اجازت نہ دینے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اتنے کوروناسے لوگ نہیں مریں گے جتنے بھوک سے مرجائیں گے، غریب2 ماہ سے بغیرتنخواہ کے گزارہ کر رہے ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے پرائیوٹ اسکولز اونرزایسوسی ایشن کے صدرکاشف مرزا کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار نے اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے لاک ڈاؤن کے دوران پرائیوٹ اسکولز کے دفاتر عارضی طور پر کھلوانے کی درخواست دائر کی تھی ۔عدالت نے پنجاب حکومت کو 20 اپریل تک نجی سکولوں کے دفاتر عارضی طور پر کھولنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔