صدر مملکت اور مولانا فضل الرحمان کی رمضان میں نماز کے اجتماعات پر مشاورت

887

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رمضان المبارک میں مساجد میں نماز کے اجتماعات سے متعلق مشاورت کی ہے۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل کورونا وائرس کے پیش نظر مساجد میں اجتماعات کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں نماز تراویح اور دیگر اجتماعات کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نماز تراویح اور دیگر اجتماعات کے حوالے سے علما کی 12 رکنی کمیٹی فیصلہ کرے گی، کمیٹی میں مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمان بھی شامل ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کے پیش نظر صورتحال اور احتیاطی تدابیر پر مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے واضح کیا کہ اجتماعی عبادات اور مذہبی اجتماعات کے معاملے باہمی افہمام وتفہیم سے حل کیے جائیں گے۔