خلیج فارس سے متعلق ایران کو امریکا کا نیا انتباہ

238

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ خلیج فارس میں امریکی جہازوں کے ساتھ خطرناک و اشتعال انگیر چھیڑ چھاڑ سے باز رہے۔ حکام کے مطابق اطلاع ملی ہے کہ گزشتہ روز تقریباً 11 ایرانی جہاز سمندر میں امریکی بحری جہازوں کے کافی قریب سے انتہائی تیری سے گزرے۔ امریکی حکام کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، اس وقت امریکی جہاز بین الاقوامی سمندری حدود میں تھے۔ اُدھر تہران حکومت کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے سے متعلق کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ دریں اثنا امریکی بحریہ نے بھی کہا ہے کہ خلیج فارس کے شمال میں بین الاقوامی سمندر میں ایرانی جنگی کشتیوں کی سرگرمیاں خطرناک اور اشتعال انگیز ہیں۔ بدھ کی شب جاری بیان میں امریکی فوج نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی 11 جنگی کشتیوں نے خلیج میں امریکی جہازوں کے قریب آنے اور خطرناک حد تک ہراس کی کارروائیاں کیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ایرانی کشتیاں امریکی کوسٹ گارڈز کے زیر انتظام بحری جہاز سے 10 گز کے فاصلے تک آ پہنچی تھیں۔ واضح رہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے دوران میں گزشتہ چند برس کے دوران خلیج میں ایرانی مسلح کشتیوں کے امریکی بحری جنگی جہازوں کے نزدیک آنے کے واقعات کئی بار سامنے آئے ہیں۔ رواں ماہ کے اوائل میں ایرانی رکن پارلیمان حشمت اللہ فلاحت پیشہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران اور امریکا غیر معمولی شکل میں جنگ کے نزدیک ہو رہے ہیں۔