ٹھٹھہ ،کوروناوائرس سے جاں بحق شخص نے انتظامیہ کی دوڑیں لگوادیں

193

ٹھٹھہ ( نمائندہ جسارت ) کورونا وائرس کے باعث ٹھٹھہ ضلع میں پہلی فوتگی سامنے آ گئی ہے، ایک روز قبل جھمپیر کے قریب تدفین کیے گئے عمررسیدہ شخص کی کورونا رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد علا قے میں کھلبلی مچ گئی ہے، انتقال ہونے والے شخص کے ساتھ جتنے بھی اٹینڈس ہوںگے ان کو رجسٹرڈ کریں گے۔ ڈی سی ٹھٹھہ کا مؤقف۔ تفصیلات کے مطابق جھمپیر کے رہائشی اور محکمہ ریلوے میں ملازمت کرنے والے 60 سالہ شخص کو بیماری کی حالت میں کراچی کے جناح اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جس کی کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے دو روز قبل بیماری کی حالت میں اس شخص کا اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا ، جس کو ان کے آبائی قبرستان جھمپیر میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں تدفین کی گئی تھی ۔ انڈس اسپتال کراچی کی لیبارٹری کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں مریض کو کورونا وائرس ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے ۔کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد جھمپیر سمیت ٹھٹھہ ضلع میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ عثمان تنویر ، ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان ، رینجرز پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ متوفی کے گائوں رمضان بروہی پہنچ کر گائوں کو سیل کرکے گائوں میں بسنے والے تمام افراد اور جنازے میں شرکت کرنے والے تمام افراد کی رجسٹرڈ کردی ہے اور آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ عثمان تنویر نے بتایا ہے کہ رپورٹ کے آنے بعد انتقال ہونے والے شخص کے ساتھ رہنے والے اٹینڈس رشتے دار اور غسل دینے والوں کے انٹرویو کرکے ان کو آئیسولیٹ کرنے کا فیصلہ ہوگا جبکہ انتقال ہونے والے شخص کو پیٹ کی تکلیف کے باعث 13 اپریل کو جناح اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جو کہ 14 اپریل کو انتقال کرگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے انڈس اسپتال کی لیبارٹری سے جاری کردہ رپورٹ میں ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد کیے گئے ہیں۔