وفاقی حکومت سنجیدہ نہیں، ملک تباہی کی جانب جارہا ہے، بلاول

179

کراچی (اسٹاف رپورٹر )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اب تک وفاقی حکومت کورونا وائرس کے خلاف سست روی سے فیصلے کر رہی ہے اور لاک ڈائون کیلیے بھی کوئی ٹھوس فیصلہ کرنے میں ناکام نظر آتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں رقم مہیا کرنے کیلیے بھی تیار نہیں ہم معیشت کو دوبارہ زندہ کر سکتے ہیں لیکن لوگوں کو نہیں، اگر ہم صرف یہ امید کرنے لگیں کہ سب اچھا ہو جائے گا اور اپنی تیاری نہ کریں تو پاکستان بہت خاموشی سے ایک تباہی کی صورتحال کی طرف جاسکتا ہے جس کے شدید خطرناک مضمرات ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے کراچی کے آفس سے وڈیو کال کے
ذریعے فرانسیسی خبر رساںادارے سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا کے پھیلنے کی ابتدا ہی سے ایک غلط احساس تحفظ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ہم اس حقیقت کو نظرانداز کر رہے ہیں کہ دنیا بھر میں یہ وباء کس قدر تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس کا احساس نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں بروقت ضروری اقدامات اٹھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال امریکا اور مغربی یورپ سے بھی بری ہوسکتی ہے کیونکہ پاکستان میں حفاظتی لباس اور طبی عملے کی کمی کے ساتھ ساتھ دیگر طبی آلات کی بھی کمی ہے۔