جناح اسٹیڈیم سکھر میں راشن تقسیم کرنے کیلیے انتطامات مکمل

123

سکھر (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈائون کے بعد پیدا ہونی والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سکھر میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف سول سوسائٹی، این جی اوز اور مخیر حضرات کے تعاون سے مستحق خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا (راشن) کے تھیلے پہنچانے کے دوسرے مرحلے میں 22 ہزار راشن بیگس جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں پہنچائے گئے ہیں جہاں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن سکھر، پولیس سمیت دیگر سول سوسائٹی کے اداروں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے راشن کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں قائم مختلف راشن کیمپس کا دورہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 5 ہزار 200 خاندانوں میں راشن بیگس تقسیم کیے گئے تھے۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں میونسپل کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ، یونین کمیٹیوں اور دیگر سول سوسائٹی کی تنظیموں کے تعاون سے 22 ہزار راشن بیگ جمع کیے گئے ہیں۔ راشن بیگ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایات کی روشنی میں مستحق خاندانوں کے گھروں تک پہنچانے کے لیے مضبوط میکنزم ترتیب دیا گیا ہے۔ میئر سکھر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ فہرستوں میں ناموں کو دہرایا نہ جائے، جس کے لیے مستحقین کی رجسٹریشن کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔ ایک ادارے کے تعاون سے فہرستوں میں ناموں کا اندراج کیا جارہا ہے اور شفاف طریقے سے غریب، مستحق، یتیم اور بے سہارا مزدوروں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کے گھروں تک راشن پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ راشن بیگ میں چینی، گھی، آٹا، چاول، دالیں، چائے، صابن، سرف اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا شامل ہیں۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید بتایا کہ جن اداروں کی جانب سے راشن بیگ فراہم کیے گئے ہیں ان میں سکھر میونسپل کارپوریشن، یونین کمیٹیز، ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ پولیس، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ایوان صنعت و تجارت، اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن، پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن، آباد، اقلیتی برادی اور دیگر ادارے شامل ہیں، جن کی جانب سے راشن بیگس اسٹیڈیم میں پہنچائے گئے ہیں، جنہیں ایک جامع میکنزم کے تحت 48 تا 72 گھنٹوں کے اندر غریب اور مستحق خاندانوں تک راشن پہنچایا جائے گا۔ میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مخیر حضرات، سول سوسائٹی، مختلف سماجی تنظیموں، تاجروں سمیت تمام تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کی جانے والی کوششوں کو کورونا وائرس کو شکست دینے میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔