محکمہ پبلک ہیلتھ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں ناکام رہا، میئر سکھر

114

سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ایک سال قبل عدالتی احکامات پر بنائے گئے واٹر کمیشن نے سکھر میں واٹر سپلائی اور ویسٹ واٹر کا نظام میونسپل کارپوریشن سے لیکر پبلک ہیلتھ کے حوالے کیا تھا جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں مسائل پیش آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود عوامی نمائندے کی حیثیت سے ہم مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس سلسلے میں گزشتہ روز پبلک ہیلتھ کے انجینئر کو طلب کرکے حلقے کے عوام کے تحفظات سے آگاہ کیا اور کمشنر کو بھی فوری طور پر ایشوز حل کرنے کے لیے زور دیا۔ میئر سکھر کا کہنا تھا کہ اس وقت کیرتھر کینال میں پانی نہیں ہے لیکن محکمہ پبلک ہیلتھ کی کوتاہی بھی ہے کہ وہ شہری مسائل حل نہیں کرسکے ہیں۔ میئر ارسلان شیخ نے عوام کو آگاہ کیا کہ واٹر کمیشن کی ہدایات کے بعد واٹر سپلائی اور ویسٹ واٹر کا نظام پبلک ہیلتھ کے پاس ہے پھر بھی ہم کوشش کررہے ہیں کہ عوام کو ریلیف فراہم کرسکیں۔