وزیراعلیٰ سندھ کا ہر قدم پر وفاق کو مشق ستم بنانا باعث افسوس ہے،مراد سعید

153

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ وزیراعظم نے قوم کو یکجا کرکے کورونا کی وبا کے مقابلے کے لیے تیار کیا اور معاشرے کے غریب ترین طبقے کی نگہداشت کا بیڑہ اٹھایا‘آزمائش کی ان گھڑیوں میں سیاسی تقسیم اجاگرکرنے یا الزام تراشی کا دروازہ کھولنے والے دوست نہیں ہوسکتے ‘وزیراعلیٰ سندھ کا ہر قدم پر وفاق کو مشق ستم بنانا باعث افسوس ہے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کورونا کی صورت میں پاکستان کو ایک غیر معمولی امتحان کا سامنا ہے،وزیراعظم عمران خان نے آزمائش کی اس گھڑی میں قومی قیادت کا فریضہ سرانجام دیا ہے،وزیراعظم نے قوم کو یکجا کرکے وبا کے مقابلے
کے لیے تیار کیا اور معاشرے کے غریب ترین طبقے کی نگہداشت کا بیڑہ اٹھایا۔انہوں نے کہاکہ آزمائش کی ان گھڑیوں میں سیاسی تقسیم اجاگرکرنے یا الزام تراشی کا دروازہ کھولنے والے دوست نہیں ہوسکتے، وزیراعلیٰ سندھ کا ہر قدم پر کبھی کھلے لہجوں اور کبھی دبے لفظوں میں وفاق کو مشق ستم بنانا باعث افسوس ہے۔مراد سعید نے کہاکہ ٹیسٹنگ کٹوں سے لے کر لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں میں مالی امداد کی تقسیم تک ہر کام وفاق کرے تو سندھ حکومت کس مرض کی دوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا کام کیا محض ٹی وی پر خبرنامے اور وفاق کے لیے سپاسنامے پڑھنا ہی رہ گیا ہے،سندھ میں وبا پر قابو پانے کے لیے محض عوام کو گھروں میں قید کردینا کافی نہ ہوگا، کورونا پر قابو پانے کے حوالے سے سندھ حکومت کی کارگردگی پر قوم میں تشویش جنم لے رہی ہے،وزیراعلیٰ وفاق کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کی جانب آئیں، محض سیاست اور سیاسی آقا پروری کے لیے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالا گیا تو جواب دینا ہوگا۔