عوام کوکس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ‘پنجاب حکومت ناکام ہوگئی‘ شہباز شریف

245

لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جہاد میں ہم سب نے بڑھ چڑھ کر کردارادا کرنا ہے‘ عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیا ہے‘ حکومت کی ذمے داریاں اس وقت اپوزیشن ادا کر رہی ہے‘ پنجاب حکومت اپنی ذمے داریاں انجام دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے‘ امدادی رقوم کی فراہمی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں ‘ امدادی رقوم کو ہجوم کی شکل میں تقسیم کرنے سے کورونا پھیل سکتا ہے‘ ڈاکٹرز اور طبی عملے میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح پریشان کن ہے‘ یہ صورتحال ان حکومتی دعووں کو بے نقاب کرتی ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس (پی پی ای) فراہم کر دیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز اورطبی عملے کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری ساز و سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار شہبازشریف نے اتوار کو لاہور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سابق میئرزسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دریں اثنا سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہباز شریف نے میڈیا انڈسٹری کو بلا سود قرضے دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز کو بلا سود قرض دیے جائیں تاکہ میڈیا ہائوسز ملازمین کی تنخواہیں ادا کرسکیں‘ دیگر صنعتوں کی طرح ا سٹیٹ بینک آف پاکستان میڈیا ہائوسز کے لیے بھی خصوصی اسکیم دے‘ حکومت میڈیا ہائوسز کو بلا سود قرض کی فراہمی میں کردار ادا کرے جبکہ شہباز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی جانب سے مسیحوں کو ان کی خوشیوں کی مبارک دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت میڈیا کے تمام واجبات فی الفور ادا کرے‘حکومت کے عدم تعاون اور پابندیاں عاید کرنے کے سبب میڈیا ہائوسز دیوالیہ پن کا شکار ہیں‘ کورونا کے خلاف جنگ میں میڈیا انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے‘ جمہوریت آزاد میڈیا کے بغیر نامکمل ہے‘ میڈیا کو بچانا جمہوریت اور آئین کا تحفظ ہے۔