حکومت کہیں نظر نہیں آرہی،کورونا کا مقابلہ لاک ڈاؤن ہی سے ہوگا،شاہد خاقان

111

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوروناوائرس پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا چیلنج ہے اور تیسرا مہینہ چل رہا ہے حکومت کوئی بھی حکمت عملی بنانے میںناکام رہی ہے، کورونا وائرس کا کوئی علاج نہیں اور اس کا مقابلہ صرف لاک ڈائون سے کیا جاسکتا ہے،حکومت کہیں نظر نہیں آرہی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کورونافورس کرپشن کا طریقہ ہو گا اور وائرس پھیلانے میں اس کا بڑا چیلنج ہے ، یہ لوگ جب گھر گھر جائیں گے تو یہی لوگ وائرس پھیلانے کا سب سے بڑا ذریعہ ہوں گے، حکومت یہ سیاسی فورسز نہیںبناتی جو کل آپ بدمعاشی کے لیے استعمال کریں یا کوئی سیاسی مقصد حاصل کرنے کے لیے استعمال کریں،سیاسی قیادت کی ایگو نہیں ، صرف ایک شخص کی ایگو ہے اور وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ ملک کیسے چلتا ہے، یہ صرف وزیر اعظم عمران خان کی مشکل ہے اور یہ ان کی ذہنی کیفیت ہے ، ہماری تاریخ کا سب سے بڑا چیلنج کوروناوائرس کی صورت میں آیا ہے اورآج تک حکومت اپوزیشن کی طرف ہاتھ نہیں بڑھا سکی جبکہ اپوزیشن نے بار بار ہاتھ بڑھایا، حکومت قرضے لے رہی ہے اور جتنے قرضے ہم نے 5برس میں لیے تھے انہوں نے18ماہ میں لے لیے اور اگر یہ 5برس پورے کرتے ہیں تو پاکستان نے70برس میں جو قرضہ لیا تھا وہ دگنا ہوجائے گا اور یہ حقیقت ہے، اس حقیقت سے ہم آنکھیں بند کرکے نظر چرانہیں سکتے ،یہ پاکستان کی واحد حکومت ہے جو 18 ماہ کے دوران ایک بھی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے سے قاصر ہے، ایک ماہ لگے، 2ماہ لگیں یا6 ماہ لگیں کوروناوائرس تو چلا جائے گا تاہم اس کا معیشت پر اثرتو عشروں تک رہے گا۔