لاڑکانہ ،کرنٹ لگنے سے شہری ہلاک ،بلاول زرداری نے نوٹس لے لیا

218

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریب گاؤں غلام بھٹو میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک شہری کی ہلاکت کا معاملہ، بلاول زرداری نے گاوَں غلام بھٹو میں کرنٹ لگنے سے ایک شہری بدرالدین بھٹو کی ہلاکت کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ پی پی پی چیئرمین نے افسوسناک واقعے میں سیپکو انتظامیہ کے کردار کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ حکومتی اعلانات کے باوجود لاک ڈاوَن کے دوران لاڑکانہ میں صارفین کی بجلی کاٹنا وفاقی ادارے کی من مانی ہے، کیا پورے ملک کے لیے ایک قانون اور سندھ خصوصاً لاڑکانہ کے عوام کیلیے دوسرا قانون ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو غیرمعمولی صبر آزما حالات کا سامنا ہے، لیکن حکمران پیپلز پارٹی کے ووٹرز کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔ گاؤں غلام بھٹو میں کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت کے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ذمے داران کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب بلاول زرداری نے مذکورہ واقعے میں جان گنوانے والے شہری کے لواحقین سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا ہے۔