نیویارک 11 ستمبر 2001 کےسانحےکے تقریبا 19سال بعد دوبارہ تباہی کامنظر پیش کررہا ہے جہاں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11/9 سے بھی دوگنی ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے اب تک امریکا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن چکا ہے جہاں 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ 14 ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکےہیں۔
امریکا سب سے ترقی یافتہ شہر نیویارک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11/9 سے زیادہ ہوچکی ہیں ، 11/9 حملےمیں نیویارک میں 2977 انسانی جانوں کا نقصان ہواتھا تاہم کورونا وائرس سے اب تک نیو یارک میں4 ہزار 755 اموات ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔
نیویارک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
دوسری جانب امریکی ریاست نیویارک سے اظہار یکجہتی کیلئے امریکی پرچم ایک دن کیلئے سرنگوں کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک میں کورنا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے ونٹی لیٹرز کم پڑ گئے ہیں جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد گنجائش سے کہیں زیادہ ریکارڈ کی جارہی ہے۔
امریکا بھرمیں نیویارک کورونا کا مرکز سمجھا جا رہا ہے جس کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید 1000 میڈیکل فوجی ورکرز نیویارک میں تعینات کردیئے ہیں۔
گورنرنیویارک کوومو نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں مشینری کی کمی کے باعث شہریوں کی ہلاکتیں زیادہ ہوسکتی ہیں۔
امریکی ریاست نیویارک کو کم سے کم 37 ہزار وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہے جبکہ رواں ماہ کے آخر میں مزید کیسز سامنے آنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔