سکھر،فتح معصومی ٹرسٹ کے تعاون سے مستحقین میں امدادی سامان کی تقسیم

128

سکھر (نمائندہ جسارت)لاک ڈائون کی وجہ سے مستحق لوگوں کو امدادی سامان تقسیم کا سلسلہ جاری، فتح معصومی ٹرسٹ کے تعاون سے مستحقین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا، روزانہ کی بنیاد پر 20سے زائد مستحق خاندانوں کو امدادی سامان تقسیم کیا جائیگا تاکہ ان کی پریشانی کو دور کیا جا سکے، ڈاکٹر اقبال احمد صدیقی۔ تفصیلات کے مطابق لاک ڈائون کے پیش نظر سکھر میں مخیر حضرات و سماجی تنظیموں کی جانب سے مستحقین و محنت کشوں میں راشن تقسیم سمیت امدادی سامان تقسیم کرنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ گزشتہ روز پرانا سکھرجیے شاہ جیلانی چوک پر صوفی بابا فتح علی شاہ، فتح معصومی ٹرسٹ کے زیر اہتمام پرانا سکھرسمیت شہر سکھر کے مختلف علاقوں کے یومیہ کمانے والے محنت کش افراد، مستحقین، بیوائو ں، یتیموں و دیگر مستحق خاندانون میں فلاحی ٹرسٹ کے رہنما ڈاکٹر اقبال احمد صدیقی و دیگر نے راشن، سبزی، فروٹ و دیگر امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر فلاحی ٹرسٹ کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرات سے بچانے کے لیے لگائے جانے والے لاک ڈائون کی وجہ سے یومیہ کمانے والے مزدور طبقہ و مستحق لوگ پریشان ہو گئے ہیں۔ فلاحی ٹرسٹ کے ممبران کے تعاون سے انسانیت کی خدمت کیلیے یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور ان شاء اللہ ٹرسٹ کے زیر انتظام روزانہ کی بنیاد پر 20سے زائد مستحق خاندانوں کو امدادی سامان تقسیم کیا جائیگا تاکہ ان کی پریشانی کو دور کیا جا سکے۔