علما‘ اسکالرز عوام میں ہم آہنگی اور کورونا سے آگاہی کو فروغ دیں، اسد قیصر

258

اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مذہبی اسکالرز اور علما کرام کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے، عوام میں ہم آہنگی کو فروغ دیں اور آگاہی پیدا کرنے کیلیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں، موجودہ صورتحال میں تمام مسالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے، انہوں نے اپنے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو کسی خاص مذہبی فرقے یا گروہ سے منسوب نہیں کیا جانا چاہیے، حکومت ایران، عراق اور شام میں پھنسے زائرین کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور ان کی بحفاظت وطن واپسی کیلیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ
ہاؤس میں شیعہ علما کرام سے ہونے والے ٹیلی وڈیو اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری، وزیر مملکت برائے سیفران شہریار آفریدی اور مذہبی اسکالر خانم طیبہ بخاری شریک ہوئے جبکہ مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت صحت، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت مذہبی امور اور ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اسپیکر نے کہا کہ کورونا وائرس نے پاکستانی عوام کی صحت اور ذریعہ معاش کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے، ہمیں اس وباء کا مل کر بہادری سے مقابلہ کرنا ہے اور اس سلسلے میں علماء کرام اور مذہبی اسکالرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اسپیکر نے علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز سے کہا کہ وہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیارکرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔