سعید غنی نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا عندیہ دے دیا

438

کراچی: وزیرتعلیم سندھ سعیدغنی نے 14 اپریل کے بعدسندھ  میں لاک ڈاون میں نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم و محنت سندھ نے کہا کہ لاک ڈاوَن میں نرمی قوانین سےمشروط ہوگی اور صورت حال کو دیکھ کرآگے کی حکمت عملی طےکریں گے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ  لاک ڈاوَن کے باعث سندھ میں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے اور احتیاط سے ہی کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔پیپلزپارٹی کے مخیر ارکان نے راشن کی تقسیم میں حصہ لیا لیکن ہم نے تصویرنہیں لی اور اشتہار نہیں لگوایا اس لیے لگاکہ کام نہیں ہورہا۔

وزیر تعلیم سندھ نے بتایا کہ اب تک لاکھوں افراد کو سندھ حکومت راشن پہنچا چکی ہے، امدادی اداروں نے مشکل میں سندھ حکومت کا بہت ساتھ دیا ہے۔سندھ حکومت نے سڑک کے درمیان راشن کی تقسیم سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور جو ادارہ راشن دینا چاہے وہ کمشنر کراچی سے رابطہ کریں۔

خیال رہے کہ سندھ میں اس وقت کورونا کے986 مریض ہیں اور18 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب  صوبائی حکومت نے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے اور تمام عوامی اجتماعات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔