پیما کی کوئٹہ میں ڈاکٹروں پرلاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی مذمت

274

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ڈاکٹر عظیم الدین نے کوئٹہ میں ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی مذمت کی ہے، پیما ہاؤس سے جاری اعلامیے میں ڈاکٹر عظیم الدین نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں اور طبی عملے کو کورونا وائرس کے خلاف
فرنٹ لائن سولجرز قرار دیتی ہے لیکن یہ کیسے سپاہی ہیں جنہیں بغیر حفاظتی سامان کے جنگ لڑنے کے لیے میدان میں اْتار دیا گیاہے، کورونا وائرس سے اب تک 3 درجن سے زاید ڈاکٹرز اور طبی عملے کے افراد متاثر ہوچکے ہیں، حفاظتی سامان کا مطالبہ کرنا ان کا جائز حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اپنی زندگیاں داؤ پر لگا کر ملک کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں شہریوں کی زندگیاں بچا رہے ہیں اور حکومت لاٹھی چارج کرکے پوری دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے، سندھ میں حکومت نے حفاظتی سامان فراہم کر نے کے بجائے الٹا طبی عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی ، ہونا تو یہ چاہیے تھا حکومت انہیں اضافی معاوضہ ادا کرتی۔ ڈاکٹر عظیم الدین نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان فراہم کیا جائے، طبی عملے کی تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ واپس لیا جائے اور کوئٹہ واقعے میں ڈاکٹروں پرتشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں اور انہیں احکامات دینے والے افسران کو برطرف کیا جائے۔