اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مر کزی ر ہنماء اورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہچینی بحران کی رپورٹ حکومت نے جاری نہیں کی لیک ہوئی ہے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چینی بحران پر انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کے پراسرارکردار پر مکمل خاموش ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے 2019ء میں چینی کی برآمد پرشوگرملز کو 5 روپے فی کلوسبسڈی دی،ایسی فیاضی نہ سندھ نے کی نہ خیبرپختونخوا حکومت نے کی۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چینی کی برآمدات کی اجات ملنے سے مقامی مارکیٹ میں چینی مہنگی ہوئی جس سے ترین گروپ نے مزید 20 ارب روپے اور رحیم یارخان گروپ نے 15 ارب روپے کمائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اس سوال کا جواب نہیں ملا کہ جو چینی 2018ء میں 55 روپے کلو تھی وہ 40 فیصد مہنگی کیوں ہوگئی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کا کون ذمے دار ہے اس کا پتا چلانا ضروری ہے اور چینی بحران پرحقائق عوام کے سامنے رکھنا ضروری ہیں ،رپورٹ میڈیا نے جاری کی ہے حکومت نے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے چینی پر جو سبسڈی دی اس کا فائدہ کسانوں کو نہیں ہوا بلکہ فائدہ اٹھانے والے کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھتے ہیں۔