سکھر، پولیس، رینجرز اور فوجی اہلکاروں میں چائے اور کھانے پینے کی اشیا تقسیم

130

سکھر (نمائندہ جسارت) الخدمت فائونڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکاروں کی جانب سے شہر بھر میں کورونا وائرس کے سلسلے میں ڈیوٹی پر تعینات موجود پولیس، رینجرز اور فوجی اہلکاروں میں چائے اور لائٹ ریفریشمنٹ تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ علاوہ ازیں شہر بھر میں سفید پوش اور مستحق افراد میں گھر کی دہلیز پر راشن پہچانے کا سلسلہ بھی الخدمت کے رضاکاروں کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر مسلسل جاری ہے۔ ترجمان الخدمت کے مطابق مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے شروع کردیا گیا۔ علاوہ ازیں الخدمت کے رضاکاروں کی جانب سے سکھر کی یونین کونسل نمبر 12 اور 17 کی مساجد سفید مسجد، مینارہ مسجد، حنفیہ مسجد، فردوس مسجد، الفاروق مسجد، سبحان مسجد، کریمہ مسجد اور درگاہ قاضی بابا میں اسپرے کیا گیا۔ اس کے علاوہ سکھر میں موجود سکھ برادری کی مرکزی عبادت گاہ گردوارہ اور ہندو برادری کے مرکزی مندر زندہ پیر میں بھی اسپرے کیا گیا جبکہ سکھر میں تھانہ اے سیکشن اور تھانہ سی سیکشن میں بھی اسپرے کیا گیا۔ اس پورے کام کی نگرانی کے لیے جماعت اسلامی سکھر کی جانب سے یونین کونسل کی سطح پر اَلخدمت کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جو ان تمام امور کی نگرانی کریں گی۔