کورونا وائرس: فلوریڈا میں 30 دن تک  مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

566

فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں 30 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے اعلان کیا ہےکہ آجسے فلوریڈا کو بھی مکمل لاک ڈاؤن کردیا جائے گا۔ فلوریڈا میں لاک ڈاؤن کا آغاز امریکی وقت کے مطابق آج رات 12 بجے ہوگا، جو متوقع طور پر پورا ایک مہینہ جاری رہے گا۔

فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس کئی ہفتوں سے فلوریڈا میں لاک ڈاؤن کی شدید مزاحمت کررہے تھے۔

واضح رہے کہ امریکا میں اب تک 30 سے زائد ریاستیں پہلے ہی لاک ڈاؤن کرچکی ہیں تاہم  گورنر فلوریڈا کا اصرار تھا کہ ان کی ریاست میں حالات قابو میں ہیں اور کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بہت کم ہے لیکن یہ خیال ان کی خوش فہمی ثابت ہوا جس کے بعد سے انہیں عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا۔

عالمی خبر ایجنسیوں کے مطابق اس وقت امریکا کی 85 فیصد سے زیادہ آبادی کو لاک ڈاؤن کا سامنا ہے جبکہ وہاں کورونا وائرس کی وبائی حالت بھی انتہائی تشویشناک ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اس بیماری سے موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 5 ہزار 112 ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ خدشہ ظاہر کرچکے ہیں کہ اگر مؤثر لاک ڈاؤن نہ کیا گیا تو صرف امریکا میں کورونا وائرس سے کم از کم 7 لاکھ افراد زندگیوں سے محروم ہوجائیں گے ۔