کشمیر کاز کے لیے جماعت اسلامی کی کاوشوں کی پوری قوم معترف ہے، شاہ محمود قریشی کی سراج الحق سے گفتگو

113

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کرکے انہیں کشمیر کی الارمنگ صورتحال کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 ماہ سے لاک ڈائون اور سرچ آپریشن جاری ہے ۔بھارتی قابض فوج گھروں میں چھاپے مار کر مظلوم کشمیریوں کو ہراساں کررہی ہے اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے بلا جواز تشددکا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔اب تک18 ہزار نوجوانوں کو پکڑ کر بھارتی جیلوں میں بند کردیا گیاہے ۔ جیلوں میں بند کشمیریوں کا اپنے عزیز و اقارب سے کوئی رابطہ نہیں اور ان نوجوانوں کے خاندان اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔ حریت رہنمائوں کو گرفتار یا گھروں میں نظربند کردیا گیا ہے اورحریت قیادت کے ساتھ جیلوں میں بہیمانہ سلوک کیا جارہاہے ۔8 ماہ سے وادی کا پورا معاشی نظام مفلوج ہے،مارکیٹیں بند اور کاروبار ٹھپ ہے ، تیارفصلیں اور باغات تباہ ہوچکے ہیں ۔لوگ 2 وقت کے کھانے کے لیے پریشان ہیں۔ بیماروں کو علاج کی سہولتیں میسر نہیں اور اب تو لوگ اپنے مُردوں کو بھی گھروں میں دفنانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ قابض فوج کاکشمیری عوام کے ساتھ رویہ انتہائی ظالمانہ اور ناقابل برداشت ہوچکا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اس صورتحال پر بین الاقوامی برادری ، اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور یورپی یونین کو توجہ دلائے ۔ شاہ محمود قریشی نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کشمیر کاز کے لیے رابطے کر رہے ہیں۔ہم آپ کی تجاویز کی روشنی میں جلد عالمی فورمز پر دوبارہ اس مسئلے کو اجاگر کریں گے ۔ وزیر خارجہ نے جماعت اسلامی کی کشمیر کاز کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے کشمیر کی آزادی کے لیے جو قائدانہ کردارادا کیا ہے پوری قوم اس کی معترف ہے ،کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ان شاء اللہ کشمیریوں کو آزادی ضرور نصیب ہوگی ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو ٹیلی فون کرکے آزا د کشمیر اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے بچائو اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن آپ کے ساتھ کھڑی ہیں ۔کورونا کو شکست دینے کے لیے ہمارا بھرپورتعاون آپ کو حاصل رہے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے الخدمت فائونڈیشن کی امدادی سرگرمیوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعاون پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا۔