اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان لانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست مجلس وحدت مسلمین کےوائس چیئرمین سید ناصرعباس شیرازی کی جانب سے دائرکردہ درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی ۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ایران میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہیں،ان کے ویزے بھی ختم ہوچکےہیں اور تاثر دیا جارہا ہے کہ سارے مسائل زائرین کی وجہ سے ہیں، عدالت سے استدعا ہے پھنسے ہوئے زائرین کو فوری وطن واپس لانے کا حکم دے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے موقف سننے کے بعد ریمارکس دیے کہ حکومت پر اعتماد کریں، پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے، یہ بین الاقوامی سطح کا مسئلہ ہے،عدالت ان معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔
جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور ایگزیکٹو موجود ہیں،آپ متعلقہ فورم پر رجوع کریں اور یہ اخذ نہ کریں کہ حکومت کچھ نہیں کررہی، عدالت کسی بھی تنازع میں نہیں پڑےگی لہذا درخواست مسترد کرتےہیں۔