سراج الحق کا فضل الرحمن‘ اچکزئی‘ شیرپاؤ اور علما سے رابطہ‘ ملکی صورتحال پرتبادلہ خیال

498

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جمعیت علما اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیر پائو، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی ،مفتی محمدتقی عثمانی اور قاری حنیف جالندھری سے بھی ٹیلی فونک رابطے کر کے کورونا کے پھیلائو کو روکنے پر تبادلہ خیا ل کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ کورونا سے بچائو کے لیے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ۔ کورونا کے خلاف پوری قوم کو یکجہتی کا ثبوت دینا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کورونا کے حوالے سے اقدامات پر قومی قیادت کو اعتماد میں لے ۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کے خلاف سیاسی و دینی قیادت کومتحد ہونے کی ضرورت ہے ۔