دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 85 ہزار 826 ہو چکی ہے، اس وائرس نے اب تک 39 ہزار 825 افراد کی جان لی ہے جبکہ اس کے 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد مریض اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد چین سے دُگنی ہوگئی ہے جہاں ایک ہی روز میں 20 ہزار مریضوں کا اضافہ ہونے کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 64 ہزار 253 ہو گئی۔نیو جرسی کے نرسنگ ہوم میں 8 افراد چل بسے، نیویارک میں میتوں کی منتقلی کیلئے کنٹینرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
امریکا میں کورونا وائرس سے آج 565 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 3165 ہونے کے بعد چین میں اموات کی تعداد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
اس تازہ صورتِ حال کے بعد پابندیاں ہٹانے کا اعلان کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پابندیاں سخت کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
دوسری جانب 5 منٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے والی امریکی کمپنی کی کٹ پیش کردی۔
کورنا وائرس کے باعث اسپین اور اٹلی میں قیامت خیز مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں میں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھا دی گئی ہے۔اٹلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 1 لاکھ 1 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس سے اموات 11 ہزار 591 ہو چکی ہے۔
اسپین میں کورونا وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 87 ہزار 956 ہے جبکہ اموات 7 ہزار 716 ہو چکی ہیں۔
فرانس میں کورونا وائرس کے باعث 3 ہزار سے بھی زیادہ اموات ہوچکی ہیں، برطانیہ میں 1 ہزار 408 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ یورپ کے چھوٹے ملکوں میں بھی غیر معمولی اموات دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
ایران میں کورنا وائرس سےاب تک 2757 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ کل مریضوں کی تعداد 41 ہزار 495 ہے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس کا پہلا مریض یکم مارچ کو سامنے آیا تھا جبکہ اب تک کل مریضوں کی تعداد 1 ہزار 453 ہو چکی ہے۔وائرس سے سعودی عرب میں 8 افراد ہلاک ، 115 صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 12 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
دوسری جانب سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ کے 6 علاقوں میں غیر معینہ مدت تک کیلئے 24 گھنٹے کا کرفیو لگا دیا گیا ہے۔