سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں بھی لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے، پیر کے روز بھی شہر بھر میں مکمل لاک ڈاؤن رہا، تمام کاروباری تجارتی مراکز، سوائے اشیا ضرورت تمام دکانیں، بازار بند رہے، سڑکوں پر ٹریفک بند رہی، شہر کی مختلف شاہراہوں پر تعینات پولیس اور رینجرز کی چیکنگ جاری ہے۔ گھروں سے نکلنے والے افراد سے انکے گھروں سے نکلنے کا مقصد دریافت اور شناختی کارڈ کی چیکنگ کی جارہی ہے۔ بلا جواز سیر و تفریح کے لیے نکلنے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ اشیا ضرورت کی خریداری کے وقت بیک وقت جمع ہونے سے روکا گیا ہے جبکہ خریداروں سے ضروری فاصلہ برقرار رکھ کر خریداری کی پابندی کرائی جارہی ہے۔