نوابشاہ، مستحقین میں امدادی رقم کی تقسیم تاحال شروع نہ کی جاسکی

155

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) سندھ حکومت کی انسداد کورونا وائرس کے پیش نظر جاری کردہ امدادی رقم کی تقسیم تاحال شروع نہ کی جاسکی جس کے باعث ضلع بھر میں شدید بحرانی کیفیت پیدا ہونے کے واضح امکانات نظر آرہے ہے ایک طرف تو مختلف سیاسی وسماجی اور فلاحی تنظیمیں مستحقین امداد کو راشن کی صورت میں امداد دے رہی ہیں لیکن اتنے بڑے بحران میں راشن تقسیم کی جو صورت حال ہے وہ ناکافی ہے۔ اس صورتحال سے شہریوں میں بھی خاصی بے چینی پائی جاتی ہے، شہریوں کو کہنا ہے کہ اگرچہ متوسط طبقہ اس امدادی رقم کا مستحق نہیں ہے لیکن نوابشاہ، سکرنڈ، قاضی احمد، دولت پور، دوڑ، باندھی میں بہت سی محنت کش اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والا طبقہ تاحال امداد سے محروم ہے۔ دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے تاحال امدادی رقوم جاری کرنے کے حوالے سے کوئی لائحہ عمل تشکیل نہیں دیا جس کی وجہ سے مستحقین میں خاصی تشویش کی لہر پائی جاتی ہے جبکہ مستحقین امداد کی جانب سے بلدیہ نوابشاہ کی طرف سے امدادی رقوم کی ترسیل کے حوالے سے عدم اعتماد کا اظہار کیا جارہا ہے۔ لہٰذا وزیر اعلیٰ سندھ ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر احکامات جاری کرے، امدادی رقوم کی ترسیل کا ایسا نظام وضع کرے جس سے ہر مستحق کو امدادی رقم مل سکے۔