حکومت کورونا ٹیسٹ فری کرے، سینیٹر سراج الحق کا مطالبہ

38010

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا ٹیسٹ فیس ختم کرکے تمام ٹیسٹ فری کرے۔

ثریا عظیم اسپتال میں ڈاکٹر اسامہ شہید آئسولیشن وارڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ و زیراعظم 3 ہزارسے اگر گھر کا خرچہ چلا لیں تو نوبل پرائز دینا چاہیے۔لاک ڈاؤن میں مستحقین اور دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے امداد 15ہزار روپے مقرر کی جائے ۔

سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں ضروریات زندگی کی اشیاکو مہنگے داموں فروخت ہونے سے روکا جائے۔ اس وبا سے قوم کو ملکر لڑنا ہوگا، کورونا وائرس کے لیے دفعہ 144پر بھر پورانداز سے عمل کرنا ہوگا،پاکستان میں کورونا مذہبی طبقے سے نہیں پھیلا،وزرا قوم میں تفریق اور انتشار پیدا کرنے سے باز رہیں ۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ دنیا اس وقت تاریخ کے بدترین انسانی بحران سے دوچار ہے۔حکومت کی مس ہیڈلنگ اور رویہ قابل افسوس ہے۔کورونا کے مسئلے پر بھی حکومت کی روایتی نااہلی اور کمزوری کھل کر سامنے آئی ہے۔ کورونا نے دنیا کی بڑی طاقتوں کو بھی شکست سے دوچار کردیا ہے ۔ کوروناکی اس خوفناک وبا نے عملی طور پر محمود و ایاز کو ایک صف میں لاکھڑاکیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران خود بھی توبہ کریں اور عوام سے بھی اپیل کریں کہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں ۔حکومت ابھی تک قوم کو اعتماد میں نہیں لے سکی ۔اس بیماری کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو مطلوبہ ضروری سامان بھی مہیا نہیں کرسکی۔

اطلاعات ہیں کہ ایران سے آنے والے زائرین اب تفتان کے بجائے افغانستان کے راستے پاکستان آرہے ہیں۔پاکستان فوری طور پر ایران سے بات چیت کرکے زاہدان میں سینٹر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور بلوچستان سے پنجاب آنے والے لوگ پھنس چکے ہیں۔