الخدمت نے سکھر قرنطینہ سینٹر کو ایک ہزار حفاظتی لباس فراہم کردیے

602

کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر ڈاکٹر سید تبسم جعفری ، نیشنل ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان ، خیر محمد تنیواور صدر الخدمت سکھر مامون الرشید نے قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا ، ڈاکٹر سید تبسم جعفری نے انچارج قرنطینہ سینٹر ڈاکٹر آغا سمیع اللہ کو ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کے لیے حفاظتی لباس(پرسنل پروٹیکشن ایکیوپمنٹ)ماسک ، سینیٹائزر، منرل واٹر کی بوتلیں فراہم کیں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے کم آمدنی والے افراد کو راشن اور کھانا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ، صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے ، قرنطینہ سینٹر کے باہر الخدمت کے ذمے داران ، رضاکار ،ایمبولینسز ہر وقت خدمات کے لیے موجود ہیں، قرنطینہ میں خدمات انجام دینے والے عملے کو چائے ، پانی اور ریفریشمنٹ فراہم کیاجارہاہے ، سندھ بھر میں 90ہزار خاندانوں میں راشن، تیار کھانا ، صابن ، سینیٹائزر ، ماسک وغیرہ فراہم کیے جارہے ہیں،صدر الخدمت نے پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے کردار کی تعریف کی انہیں بھی ماسک فراہم کیے ۔اعجاز اللہ خان نے کہا ہے کہ الخدمت کے طبی مراکز میں لوگوں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے، حکومت سے ہر ممکن تعاون کررہے ہیں، ہمارے ہزاروں رضار کار غریب خاندانوں کی داد رسی میں مصرف ہیں ، انہوںنے بتایا کہ سندھ کے اضلاع کا دورہ کررہے ہیں تاکہ آئندہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا سکے۔