ذخیرہ اندوزوں کو نشان عبرت بنادیا جائے‘ اسد قیصر

266

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کورونا وائرس کے پیش نظر مستحق افراد تک راشن کی فراہمی کیلیے50لاکھ روپے عطیہ دینے کااعلان کیا ہے۔یاد رہے اسپیکر نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کر کے انہیں عبرت کا نشان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ایسے مشکل حالات میں ذخیرہ اندوزی کر کے دوسروں تک سامان کی رسائی کو روکنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ گزشتہ روز انھوں نے ضلع صوابی میں مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا ۔کورونا وائرس سے بچاو کے لیے حفاظتی انتظامات اور اس سے متاثرہ افراد کے لیے موجود میڈیکل سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم نے پریشان ہونے کے بجائے حکومت کی طرف سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے اور آئندہ چند دن گھروں میں رہ کر اس وبا سے مقابلہ کرنے میں حکومت کا ساتھ دینا ہے۔ رضاکارانہ طور پر عطیہ کیے گئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں کورونا سے بچنے کے لیے حفاظتی سامان جس میں پروٹیکشن کٹس، ماسک، تھرمل گنز اور دیگر سامان شامل ہیں کی تقسیم کے دوران اسپیکر اسد قیصر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ہفتے تک ڈاکٹرز اور اسٹاف کے لیے ضروری سامان اور آلات کی فراہمی مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ صوبے میں بھی ضروری سامان کی فراہمی جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔