غریبوں کوراشن کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے،بلاول

375

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سندھ کے اضلاع میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی تفصیلات سے آگاہی شروع کردی ہے۔ ضلع لاڑکانہ میں ویڈیو لنک اجلاس ہوا پارٹی سربراہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت لاڑکانہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔غریب افراد کو لاک ڈان کے دوران راشن کی منصفانہ تقسیم کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، مخیر حضرات کو آگے آنا ہوگا۔ لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر نافذ کرنے سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے ایسی شخصیات کو استعمال کیا جائے جن کا مقامی سطح پر اثروسوخ ہے۔ میئر لاڑکانہ و ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے استفسار پر بتایا گیا کہ لاڑکانہ میں چار قرنطینہ مراکز بنائے گئے، جہاں 83 افراد موجود ہیں۔لاڑکانہ میں کرونا وائرس کے 7 کیس سامنے آئے ہیں۔لاڑکانہ میں 600 سے زاید افراد ایران اور عرب ممالک سے واپس آئے جن کا ٹیسٹ کیا گیا۔فصلوں کی کٹائی کے دوران لاڑکانہ میں کسانوں کے درمیان سماجی فاصلے کو ممکن بنایا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مقامی کسانوں کی مدد کرتے ہوئے فوڈ سپلائی کے نہ ٹوٹنے کو ممکن بنایا جائے۔ ایسے بحران کے موقع پر لاڑکانہ میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔لاک ڈاؤن کے دوران پولیس شہریوں سے اپنے روئیے کو ہر ممکن حد تک بہتر بنائے۔ہمیں لاڑکانہ میں ایک ایسا نظام بنانا ہوگا کہ ضلع کا کوئی ایک فرد بھوکا نہ رہے۔