معاشی پیکیج ناکافی ہے ‘عقل کل کے خبط سے سب کو باہر آنا ہوگا، شہباز شریف

283

لاہور(نمائندہ جسارت)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں مکمل لاک ڈائون کا مطالبہ کر دیا۔ اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا معاشی پیکیج ناکافی اور نامکمل ہے، اپوزیشن کی جامع تجاویز کو ریلیف پیکج میں شامل کیا جائے، اشیائے ضروریہ کی ترسیل کیلئے این ایل سی، ڈاک خانے اور ریلوے فریٹ کو استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا پارلیمانی کمیٹی کو پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کا درجہ دے کر مستقل حیثیت دی جائے، اس وقت حکومتی سطح پر ایک زرا سی غلطی کی قیمت پاکستانیوں کی قیمتی جان ہے، قومی بقا اور سلامتی کا معاملہ ہے، عقل کل ہونے کے خبط سے سب کو باہر آنا ہوگا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کاندھے سے کاندھا ملا کر مشاورت سے بہترین حل ڈھونڈ کر آگے بڑھا جائے، نیشنل ایکشن پلان اور اپوزیشن کی نمائندگی کی حامل نیشنل ٹاسک فورس بنائی جائے، سندھ حکومت کا چارٹر آف ڈیمانڈز وفاق کو بھجوایا جائے، وفاق اس پر فوری عمل کرے، مشترکہ مفادات کونسل کا روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلایا جائے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لوکل گورنمنٹ پنجاب کو فی الفور بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا ہر سطح پر طبی اور معاشی مینجمنٹ یقینی بنا کر پالیسی ریٹ کم ازکم 4 فیصد کم کیا جائے، معیشت کے یکساں بڑے خطرے کو بھی ذہن میں رکھا جائے، حکومت غصے اور ردعمل کے بجائے حالات کا تدبر، دانائی اور ہمت و حوصلے سے مقابلہ کرے۔