چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایف 8 کچہری کا دورہ

115

اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کا ایف ایٹ کچہری کا دورہ، اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں قائم عدالتوں کا معائنہ کیا اور کورونا وائرس کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود خان، ڈسٹرکٹ بار کے صدر ظفر کھوکھر اور دیگر بھی ان کے ساتھ تھے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے تمام عدالتوں میں سماجی فاصلہ قائم رکھنے کی پابندی پر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اس دوران گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بنیادی حقوق کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے، سماجی فاصلہ رکھیں اور حکومتی پالیسی پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالتیں 70 سال سے جہاں کام کررہی ہیں انہیں یہاں ہونا ہی نہیں چاہیے تھا یہاں بنیادی انصاف کی فراہمی ہوتی ہے۔ اس موقع پر سائلین اور وکلاء کی طرف سے جوڈیشل عملے کے افراد کیخلاف شکایت بھی کی گئی جس پر چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود خان کو نوٹس لینے کی ہدایت کی۔