میئر سکھر کا مستحقین میں راشن کی تقسیم کا اعلان مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل

585

سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کی غرض سے کیے گئے لاک ڈائون کے باعث پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر مستحقین میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی اشیا خورونوش، راشن تقسیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے آئیں اور اپنے غریب بہن بھائیوں کی مدد کرنے میں ہمارا ساتھ دیں ‘ ہمیں پیسے نہیں صرف راشن چاہیے۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ہم نے اپنی پارٹی اور چیئرمین بلاول زرداری کی پالیسی کے تحت اٹھائے ہیں، ان ہی کے تعاون سے یہ ممکن ہوا ہے کہ ہم آج ڈیڑھ کروڑ روپے کی خطیر رقم سے اشیا خورونوش، راشن کے 52 سو تھیلے اپنے مستحق بہن بھائیوں میں تقسیم کریں گے۔ آٹا، چینی، چاول، گھی و دیگر ضروری اشیا خورونوش پر مشتمل تھیلے میں 10-12 روز کا راشن رکھا گیا ہے۔ یہ پہلا مرحلہ ہے جس میں یتیم، بیوائوں اور معذوروں کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیکیج بھی جلد موصول ہوگا، جس سے کافی مدد ملے گی اور دیگر مستحقین بالخصوص سفید پوش افراد میں بھی راشن تقسیم کریں گے۔ ڈیڑھ کروڑ روپے کی تفصیلات بتاتے ہوئے میئر سکھر نے کہا ہے کہ ایک فیملی نے نام ظاہر نہ کرنے کی صورت میں 50 لاکھ روپے اس کار خیر کے لیے دیے جبکہ شہر کی تمام یوسیز نے بھی اس نیک عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے اپنے فنڈز میں سے جمع کروائے، اسی طرح 25 لاکھ روپے بھی ایک دیگر فنڈ سے موصول ہوئے جبکہ 10 لاکھ روپے میونسپل کارپوریشن نے جمع کرائے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ راشن کے یہ 52 سو تھیلے جلد از جلد مستحقین میں تقسیم کردیے جائیں۔ انہوں نے شہر کے مخیر حضرات سے پُر زور اپیل بھی کی کہ وہ غریب، مستحق خاندانوں کی مدد میں ہمارا ساتھ دیں، ہمیں پیسے نہیں بلکہ راشن چاہیے تاکہ ان لوگوں کی مدد کی جاسکے جو روزانہ کی اجرت پر محنت مزدوری کرتے ہیں اور لاک ڈائون کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ مخیر حضرات ہمیں راشن دیں اور ساتھ کسی ایک بندے کو بھی مقرر کردیں تاکہ وہ سارے بندوبست کی مانیٹرنگ کرے۔ ہم مشکل کی اس گھڑی میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں، آپ بھی آئیں اور ہمارا ہاتھ بٹائیں۔