لاڑکانہ، کورونا کے لیے ملنے والے فنڈز پر منتخب نمائندے الجھ پڑے

168

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یونین کمیٹی 15 کے چیئرمین ایڈووکیٹ اصغر علی کھچی اور وائس چیئرمین ڈاکٹر تنویر گاد کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملنے والے فنڈز پر آپس میں الجھ پڑے جس کے بعد وائس چیئرمین نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے، اس حوالے سے وائس چیئرمین ڈاکٹر تنویر گاد کا کہنا ہے کہ یوسی چیئرمین ایڈووکیٹ اصغر علی کھچی نے کورونا وائرس کے متعلق آئے ہوئے فنڈز اور ماہانہ بجٹ میں بے ضابطگیوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے جن کی جانب سے مجھ سمیت کونسلرز سے مشاورت بھی نہیں کی جارہی جس کے بعد مجھے اپنے عہدے پر رہنے کا کوئی بھی حق نہیں اس لیے میں نے اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین ایڈووکیٹ اصغر علی کھچی نے بتایا کہ کورونا وائرس کے متعلق جاری کیے گئے فنڈز سے وزیراعلیٰ کی ہدایات پر وائس چیئرمین اور کونسلرز کی مشاورت سے میئر خیر محمد شیخ اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی موجودگی میں ہینڈ بل اور صابن تقسیم کیے گئے تاہم وائس چیئرمین اپنی ذاتی ضروریات پوری نہ ہونے کے باعث ناراض ہوکر مجھ پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے جن میں کوئی صداقت نہیں۔