کورونا کیخلاف صوبائی حکومتوں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، شاہ محمود

138

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر کردار ادا کرنا ہو گا،سندھ حکومت کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان کی محنت کا اعتراف کرتا ہوں ،بلوچستان حکومت نے جن مشکل حالات کا سامنا کیا میں ان کو خراج تحسین پیش کروں گا، خیبر پختونخواہو یا پنجاب، ہر صوبے نے اس وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے و ہ قابل ستائش ہیں۔ بدھ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ میں پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل سروس کا جذبہ ہمارے اندر ہونا چاہیے ہم سیاسی جماعتیں ہیں سیاست ہم کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے سیاست کا ابھی بڑا وقت پڑا ہے ہمیں سیاسی مقاصد سے بالا تر ہونا ہے، پاکستان کی عوام اور قومی تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنا ہے، میں ابتدا میں ہی کہنا چاہوں گا کہ وزیراعظم کی خواہش تھی کہ اس قسم کا اجلاس منعقد ہونا چاہیے، اسپیکر نے اپوزیشن کی ملٹی پارٹی کانفرنس سے پہلے ہی بلاول ،شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن سے رابطے کر لیے تھے اور فیصلہ ہوا تھا کہ ہم پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس بلا کر تفصیلی مشاورت کریں گے جس کے لیے آج کا دن طے ہوا۔ اپوزیشن نے اگر ملٹی پارٹی کانفرنس کی ہے تو اس میں کوئی مذائقہ نہیں اس میں بہت سے ہمارے دوست اور حلیف شریک ہوئے اس میں بھی یقینا فائدہ ہو گا کیونکہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کی ابھی ابتدا ہوئی ہے ہمیں یکجا ہونا ہو گا ہمیں کشادہ دلی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اگر تنگ دل رہے تو اس اجلاس کا مقصد فوت ہو جائے گا، اپوزیشن لیدڑ شہباز شریف کا اجلاس سے بائیکاٹ سمجھ سے بالاتر ہے ۔اس اجلاس کا آغاز اچھا نہیں ہوا لیکن اختتام اچھا ہو رہا ہے میں اپوزیشن کی تنقید کا برا نہیں مناں گا میں اس میں سے مثبت پہلو تلاش کروں گا۔