سکھر میں لاک ڈاؤن کا تیسرا روز، بازاروں میں ویرانی

143

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں لاک ڈاؤن کا تیسرا روز، بازاروں میں ویرانی، سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب، کاروبار زندگی معطل، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اعلان کردہ لاک ڈاؤن پر تیسرے روز بھی سکھر میں بھرپور عملدرآمد دیکھنے میں آرہا ہے، شہر کے معروف تجارتی کاروباری مراکز گھنٹہ گھر، شہید گنج، صرافہ بازار، ریس کورس روڈ، شکارپور روڈ، کپڑا مارکیٹ، موبائل مارکیٹ ودیگر بند ہیں اور ان بازاروں و تجارتی مراکز میں ویرانی کا ڈیرہ ہے جبکہ اشیا ضروریہ مرغی، مچھلی، گوشت اور سبزی کی مارکیٹیں، دودھ، دہی کی دکانیں، کریانہ اسٹور اور میڈیکل اسٹور کھلے ہیں، ہوٹل، ریسٹورنٹس، کلب اور سرکاری دفاتر کو تالے لگے ہوئے ہیں، سڑکوں پر بھی ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ پولیس، رینجرز، اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شہر بھر میں گشت جاری ہے، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے باعث کاروبار زندگی معطل ہے اور شہری گھروں میں محدود ہیں۔