سکھر، 1050 زائرین 14 روز کے لیے آئسولیشن پر

101

سکھر (نمائندہ جسارت) لیبر کالونی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے محکمہ ریونیو و د یگر محکموں کے ملازمین کا احسن اقدام، رضاکارانہ طور پر اپنے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کے لیے تیار، ذرائع۔ اپنے اہلخانہ اور دیگر دوستوں کی حفاظت کے لیے ہم سب اپنا ٹیسٹ بھی کروائیں گے۔ سکھر لیبر کالونی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں گزشتہ 15 روز سے محکمہ ریونیو، صحت، میونسپل کارپوریشن و دیگر دفاتر کے ملازمین آئسولیشن پر رکھے گئے زائرین کی دیکھ بھال و دیگر سہولیات کے لیے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ قرنطینہ سینٹر میں ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے متعدد ملازمین نے رضاکارانہ طور پر اپنے ٹیسٹ کروانے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ اس حوالے سے ملازمین کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ 15 روز سے قرنطینہ سینٹر میں ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں، جہاں پر 1050 زائرین کو 14 روز کے لیے آئسولیشن پر رکھا گیا ہے، جن میں سے 180 سے زائد زائرین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ زائرین کی دیکھ بھال اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہم دن میں مختلف اوقات میں ان زائرین کے پاس آتے جاتے رہتے ہیں، تاہم چند ملازمین نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ رضاکارانہ طور پر اپنے بھی ٹیسٹ کروائے جائیں تاکہ ہمارے اہلخانہ ، دوست و احباب و دیگر لوگ کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں اور ہم لوگوں میں بھی کورونا وائرس کے حوالے سے پھیلی ہوئی تشویش ختم ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ملازمین کی رپورٹ خدانخواستہ مثبت آگئی تو وہ خود ہی 14 روز کے لئے آئسولیشن پر جانے کے لیے بھی تیار ہیں۔