میئر سکھر کا ایک ماہ کے یوٹیلٹی بلز، ٹیکس اور ٹول فیس ختم کرنے کا اعلان

233

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ میں کورونا وائرس کے سبب نافذ لاک ڈائون کے تناظر میں مئیر سکھربیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سکھر نے میونسپل کارپوریشن کی تمام دکانوں، رہائشی یونٹس، فلیٹس کے کرایے اور تمام تر ٹیکسز، فیس اور ٹول ایک ماہ کے لیے مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔مئیر سکھر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹیکس کمیٹی کے فیصلے کے تحت سکھر میونسپل کارپوریشن کے زمرے میں آنے والے 129 میونسپل رہائشی یونٹس، کوارٹرز، فلیٹس اور 1418 دکانوں کا کرایہ اور میونسپل الاٹیس، کرایہ دارسے تمام ٹیکسز، ریٹس، فیسز، ٹولز، رینٹس اور چارجز ایک ماہ کے لیے ختم کیے گئے ہیں جو 23 مارچ 2020ء سے نافذ العمل ہوں گے۔ اسی طرح ڈرنیج چارجز، واٹر سپلائی چارجز، ملبہ اجازت نامہ چارجز، ریڑھا فیس، ٹریڈلائسنزکی فیس تمام ٹیکس بھی ایک ماہ کے لیے ختم کیے گئے ہیں۔ مئیر سکھر ارسلا ن اسلام شیخ نے سکھر کے رہائشیوں کے لیے اپنے جاری کردہ ویڈیوپیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر میونسپل کے کرایہ اور تمام تر ٹیکس ایک ماہ کے لیے ختم کیے گئے ہیں جس کا مقصد غریب اور مزدورطبقے اور خاص طور پر ریڑھے لگانے والوں کو فائدہ پہنچانا ہے۔ مئیر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے صاحب استطاعت کرایہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک ماہ کا کرایہ اپنے محلے کے ریڑھی چلانے والے مزدورں اور غریب طبقے کے علاج ، ادویات، راشن اور دیگر امور میں مدد کے طور پر خرچ کریں جس سے اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی اور مدد ممکن ہوسکے ۔ مئیر سکھر نے سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس سے عوام کو نجات دلانے کے لیے اعلانیہ لاک ڈائون پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے اقدامات کو قابل ستائش و ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سخت وقت ہے اور پوری دنیا پریشانی میں مبتلا ہے جس میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا وقت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب ہم سب ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے کورونا وائرس خلاف جنگ لڑنی ہے تاکہ کورونا وائرس کوشکست دیں اور اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔