جماعت اسلامی کے کارکنان پریشان حال افرادکی مدد کریں،سراج الحق

385

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قوم مایوس نہ ہو توبہ استغفار کرے۔خلق خدا کی خدمت اور اللہ کی رضا کے لیے کام کریں انشاء اللہ جلد کورونا کو شکست ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے امیر جماعت اسلامی حیدرآباد اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر حافظ طاہر مجید سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے حافظ طاہر مجید سے ٹیلیفون پر کورونا کے حوالے سے حیدرآباد کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی اورحکومت، مقامی انتظامیہ ، جماعت اسلامی اور الخدمت کے اقدامات سے متعلق بریفنگ لی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے حکومتی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔، وزیر اعلی سندھ حکومت سندھ ، محکمہ صحت، ڈویژنل کمشنر ، فوکل پرسن ، پولیس اور رینجرز انتظامیہ کی ستائش کی اور کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ ہے اور لاک ڈاؤن کی تائید کرتی ہے۔ سراج الحق نے کارکنان جماعت اسلامی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ کارکنان ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پریشان حال لوگوں کی مدد کریں، خصوصا مزدور اور کم آمدنی والے شہریوں کے لیے ہر ممکن مدد کی جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پوری قوم کو اللہ سے توبہ استغفار کرنا چاہیے، اللہ اور خلق خدا کو راضی کرنے کی کوشش کریں احتیاطی تدابیر خود بھی اختیار کریں اور دوسروں کو اس جانب توجہ دلائیں، انشاء اللہ جلد کورونا کو شکست ہوگی۔ قوم اللہ کی ذات سے مایوس نہ ہو۔