وزیر اعظم نے مشکل ترین حالات میں بھی مایوسی پھیلائی۔بلاول زرداری

159

 

کراچی،اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر+آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مشکل ترین حالات میں بھی مایوسی پھیلائی۔بلاول نے مہلک وبا کے پیش نظر وفاقی حکومت کو قومی پالیسی بنانے اور لاک ڈائون سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ خدانخواستہ اگر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھی تو ملک کا موجودہ صحت عامہ کا نظام اس کا سامنا کرنے کی بالکل بھی سکت نہیں رکھتا،موجودہ صورتحال میں وسیع تر ہم آہنگی و اتحاد کو فروغ اور جامع لائحہ عمل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کے لیے سیاسی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس کراچی سے بذریعہ وڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ ملک گیر لاک ڈائون حالات کا تقاضا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں کسی بڑے نقصان سے بچا جاسکے،اٹلی کو آج جس صورتحال کا سامنا ہے وہ لاک ڈائون سمیت درست وقت پر درست اقدامات اٹھانے میں تاخیر کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج غریب عوام کا عذر دے کر لاک ڈائون نہ کرنے والے یہ بھی بتائیں کہ بجٹ میں انہوں نے اسی غریب عوام کو کیا ریلیف دیا تھا؟ بلاول زرداری نے کہا کہ حکومت سندھ نے لاک ڈائون پر پہل کردی ہے اور یہ اقدام وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اکیلے نہیں اٹھایا،انہوں نے یہ فیصلہ کرنے سے پہلے حزب اختلاف کو بھی اعتماد میں لیا۔پی پی چیئرمین نے حکومت سندھ کو ہدایات دیں کہ وہ لاک ڈائوں کے دوران دیہاڑی پر کام کرنے والے محنت کشوں اور غریب عوام کی خوراک و دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ غیرمعمولی حالات میں میڈیا کا آزاد ہونا ضروری ہے لیکن جنگ اور جیو گروپ کے سربراہ زیر حراست ہیں۔ بلاول زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ کورونا وبا کا بری طرح سے شکار ہونے والے ملک ایران سے پابندیاں ہٹائی جائیں۔ علاوہ ازیںیوم پاکستان کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے ملک کی سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ انہیں اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرنی چاہیے جس کا مظاہرہ ہمارے بزرگوں نے 80 برس قبل 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان کو منظور کرتے ہوئے کیا تھا۔دوسر ی جانب اتوار کو وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میںپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے ترجمان سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے مشکل ترین حالات میں بھی وزیراعظم نے مایوسی پھیلائی ،طالبان کیخلاف جنگ ہو یا کورونا کی وبا سے لڑائی عمران خان نے ہمیشہ قوم کو تقسیم کیا ، 18 ماہ میں لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کرنے والے حاکم کو اب غریب یاد آئے ہیں، روزگار بچانے کے نام پر لوگوں کو موت کے منہ میں نہیں دھکیلا جا سکتا ۔