لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے نیو شہباز کالونی میں گزشتہ کئی ماہ سے گندگی اور کچرہ کنڈی کے باعث رہائشیوں کا جینا محال ہوگیا ہے تاہم میونسپل انتظامیہ کی جانب سے گندگی اور کچرا کنڈی کے خاتمے کے لیے کوئی بھی انتظامات نہیں کیے گئے، اس حوالے سے رہائشی محمد شریف مغیری، خان محمد سومرو، محمد نواز کھاوڑ و دیگر نے بتایا کہ ہم 30 سال سے نیو شہباز کالونی میں رہائش پذیر ہیں تاہم کئی ماہ سے صفائی ستھرائی اور گندے پانی کی عدم نکاسی کے باعث علاقے کے مرد، خواتین اور بچے جلد، سانس اور دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ متعدد بار میئر لاڑکانہ خیر محمد شیخ اور یوسی چیئرمین سید ظفر شاہ کو شکایتیں کرچکے تاہم ان کی جانب سے تاحال صفائی کا کام شروع نہیں کیا گیا اور نہ گندے پانی کی نکاسی کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیو شہباز کالونی میں صفائی کے بہتر انتظامات کرکے گندے پانی کی نکاسی کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔