لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایران سے آئے ہوئے 83 زائرین کو لاڑکانہ کے قریب جامعہ بے نظیر بھٹو آریجا کیمپس میں قائم کوارنٹین میں رکھا گیا ہے جن کی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ آج بھیجی جائے گی، ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام زائرین کو بہتر طبی و دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ہیں تاہم انہیں فی الحال 14 روز تک انہیں کوارٹین میں رکھا جائے گا جن کے ٹیسٹ رپورٹ آج تک مل جائیں گے جس کے بعد حتمی مزید فیصلے کیے جائیں گے، حکومت سندھ کی ہدایات پر لاڑکانہ شہر کے تمام کاروباری مراکز چھٹے روز بھی بند رہے جبکہ چند دکاندار ضلعی انتظامیہ کے احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے دکانیں کھلی رکھ کر کاروبار کرتے رہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے پیش نظر شب معراج کے موقع پر بھی منافع خوروں تاجروں کی جانب سے گوشت، سبزیوں، فروٹ اور دیگر اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کورونا وائرس کے پیش نظر 51 ونگ شہباز رینجرز کی جانب سے شہر کے جناح باغ چوک، رائل چوک، لاہوری محلہ سمیت دیگر اہم شاہراوں پر کورونا سے بچنے کے لیے گاڑیوں میں ٹینکیاں لگائی گئیں جہاں بڑی تعداد میں شہریوں نے پہنچ کر اپنے ہاتھوں کو واش کیا جبکہ رینجرز کی جانب سے شہریوں کو کورونا وائرس سے احتیاط اختیار کرنے کے متعلق گاڑیوں پر بینرز بھی آویزاں کیے گئے تھے۔