شہباز شریف کی حکومت کو شریف گروپ کے تمام اسپتال قرنطینہ بنانے کی پیشکش

110

لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کورونا کی درپیش صورتحال میں حکومت کو اتفاق اسپتال اور شریف گروپ کے تمام اسپتال کورونا سے بچاؤ کی سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیابی سے آگاہ کرتے ہوئے ہیلتھ ٹاسک فورس تشکیل دے دی، ٹاسک فورس کورونا کی مانیٹرنگ اور عوام کی مدد کے لیے سفارشات تیار کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو شہبازشریف کی زیر صدارت اہم پارٹی رہنمائوں کا وڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں پارٹی سطح پر 2 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا کورونا کی درپیش صورتحال کے پیش نظر پارٹی رہنماؤں مشتمل ہیلتھ ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی، ہیلتھ ٹاسک فورس کورونا کی مانیٹرنگ اور عوام کی مدد کے لیے سفارشات تیار کرے گی۔ سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، خواجہ سلمان رفیق ہیلتھ ٹاسک فورس میں شامل۔ عائشہ رضا فاروق ، مریم اورنگزیب اور عطااللہ تارڑ بھی ہیلتھ ٹاسک فورس میںشریک ہیں۔ عطااللہ تاڑر ٹاسک فورس کے نمائندے ہونگے۔ ہیلتھ ٹاسک فورس کے حوالے سے مریم اورنگزیب میڈیا کوآرڈینیشن کی ذمے داریاں انجام دیں گی۔ پارلیمانی ایڈوائزری گروپ اور پارٹی کے صوبائی صدور اور سینئر رہنما پر مشتمل ایک دوسری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، رکن قومی اسمبلی شازہ فاطمہ خواجہ دونوں کمیٹیوں کی سیکرٹری کے فرائض ادا کریں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر شہبازشریف نے حکومت کو شریف گروپ کے تمام ہسپتال بطور قرنطینہ استعمال کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق اسپتال اور شریف گروپ کے تمام اسپتال کورونا سے بچائو کی سہولیات کی فراہمی کے لیے دستیاب ہیں، شہبازشریف نے کہا کہ دیگر فیصلوں کا اعلان پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کے اجلاس کی منظوری کے بعد کیاجائے گا۔