نوابشاہ (رسٹی پورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے مکمل لاک ڈائون کے اعلان کے بعد روز مرہ ضروریات کی اشیا خریدنے کے لیے رش لگ گیا، شہر کے مختلف علاقوں میں آٹا اور دیگر خورونوش کی اشیا مہنگی فروخت ہونے لگیں، 1600 روپے آٹے کا تھیلا 1900 روپے میں فروخت ہوا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس قدرتی آفت میں بھی لوٹ مار کرنے والے دکانداروں کو اللہ کا خوف نہیں ہے تو دوسری جانب ضلعی انتظامیہ پرائس کنڑول کرنے میں بری طرح سے ناکام نظر آتی ہے حالانکہ ضلعی انتظامیہ نے محکمہ پرائس کنڑول کو اشیا خورونوش کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی تھی لیکن شہر بھر میں کوئی ایسی سرگرمی نظر نہیں آئی، جس کی وجہ سے چیزوں کی قیمتوں کو برقرار رکھا جاسکے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نوابشاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیا خورونوش کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔