لاک ڈاؤن کی مخالفت نہیں کرتے، حالات کا تقاضا ہے: سراج الحق

602

سراج الحق کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاؤن کی مخالفت نہیں کرتے مگر حالات کا تقاضا ہے۔

لاہور میں منصورہ اسپتال میں آئسولیشن وارڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی مخالفت نہیں کرتے لیکن حکومت لاک ڈاؤن سے قبل عوام کو 15 دن کا کھانا فراہم کرے، حکومت 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے گھروں کے یوٹیلٹی بلز اور بجلی و گیس بل معاف کرنے کا اعلان کرے، گھروں کے مالکان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کرایہ داروں کا کرایہ معاف کر دیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی مدد کرے،حکومت کے پاس وسائل بہت کم ہیں، حکومت تنہا کورونا وائرس سے جنگ نہیں لڑ سکتی۔

امیر جماعت اسلامی نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام حکومت کی ہدایات پر عمل کریں، قوم اللہ کے حضور گڑگڑا کے پورے ملک کے لیے دعا مانگے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے تمام تر وسائل حکومت کو پیش کرتی ہے، ڈاکٹرز اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر فریضہ ادا کر رہے ہیں، انسانیت کی خدمت کرنے والے تمام لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔