ن لیگ ،پیپلزپارٹی کا ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ ،بھیانک نتائج کی ذمے دار پی ٹی آئی حکومت ہوگی،شہباز شریف

145

کراچی،لندن(نمائندہ جسارت+آن لائن + صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو لاک ڈائون کرنے کا مطالبہ کر د یا ۔ جب کہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھیانک تنائج کی ذمے دار پی ٹی آئی حکومت ہوگی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سندھ میں کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر لاک ڈائون کو کرونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مکمل لاک ڈائون کی جانب ہر صورت میں جانا ہوگا،مکمل لاک ڈائون میں ہر دن اور ہر گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلے کو مشکل بنارہی ہے،ہم لاک ڈائون کرنے میں پہلے ہی تاخیر کا شکار ہیں،لاک ڈائون پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔بلاول زرداری نے کہاکہ ہمیں جلد از جلد بحران میں کمی اوروبا پرقابو پانے کے لیے لاک ڈائون کا حتمی فیصلہ لینا ہوگا،کوئی صوبہ تن تنہا کورونا وائرس کے بحران کا مقابلہ نہیں کرسکتا، ہمیں لاک ڈائون کو قابل عمل بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہیے ،ہمیں لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہیے۔بلاول زرداری نے کہاکہ جہاں ہم اچھے کے لیے پرامید ہیں، وہیں بدترین کے لیے بھی تیار ہیں اگر بدترین صورت حال پیش آئی تو ہمارا صحت کا نظام اتنی استطاعت نہیں رکھتا،ہمیں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہم کیا کریں گے، مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کریں گے،جب تک حکومت لاک ڈان کے لیے تیار نہیں ہوجاتی، عوام اپنے گھروں پر رہیں،شہری خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لیے گھروں پر رہیں۔ علاوہ ازیںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے ہفتے کو سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میںملکی معیشت اور کورونا کی یکساں بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا اور معیشت کے لیے قومی سطح پر مناسب اقدامات کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر حکومت سے ملک میں لاک ڈائون کرنے کا مطالبہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت فی الفور لاک ڈائون کی تیاریاں کرے، عوام کے لیے خوراک کی فراہمی اور دیگر انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے، کورونا وائرس کی خراب ہوتی صورتحال میں عوام کی زندگی مزید خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی ، چین کی طرز پر پاکستان میں لاک ڈائون کرکے کورونا پر قابو پانے کے انتظامات کیے جائیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اقدامات کی تاخیر کی صورت میں بھیانک انسانی المیہ ناقابل قبول ہوگا، تاخیر سے ہونے والے کسی بھی نقصان کی ذمے دار پی ٹی آئی حکومت ہوگی۔