لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) یونین کمیٹی ون رسول آباد کے مکینوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یوسی چیئرمین سید ظفر شاہ کی جانب سے تقسیم کیے گئے صابن کو زائد المیعاد قرار دیتے ہوئے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے یوسی چیئرمین کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سراج بزدار، آفتاب کلہوڑو، اصغر مغیری و دیگر کا کہنا تھا کہ یوسی چیئرمین سید ظفر شاہ کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تقسیم کردہ صابن جولائی 2016ء سے زائد المیعاد ہیں، جبکہ بیشتر صابن کے پیکٹ پر لگے زائد المیعاد تاریخ کو پھاڑ کر پھینک دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یوسی چیئرمین کیخلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کے پریس ترجمان شکیل میمن کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ شہر میں تقسیم کیے گئے زائد المیعاد صابن کے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ شہر میں جو صابن تقسیم کیے گئے ہیں ان کی مدت میعاد دسمبر 2020ء اور 2021ء ہے۔ پیپلز پارٹی کے مخالفین سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی بہتر کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ایسے حربے استعمال کررہے ہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا پر جس صابن کو دکھایا جا رہا ہے وہ کسی بھی پیپلز پارٹی کے نمائندے اور رہنما نے تقسیم نہیں کیے۔ مخالفین زائد المیعاد صابن ہاتھ میں رکھ کر تصویر نکال کر اس کو پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے منسوب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو لاڑکانہ میں بدنام کرنے کے لیے ایسے حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ مخالفین کی پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی ایسی سازشیں پیپلز پارٹی کو بہتر اقدامات کرنے سے نہیں روک سکتی۔ منفی پروپیگنڈے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے متعلق سندھ حکومت کے بہتر اقدامات کو دبایا نہیں جاسکتا۔