سکھر، کورونا کے پیش نظر تفریحی مقامات اور پارکس بند کرنے کی ہدایت

211

سکھر (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی غرض سے حکومت سندھ کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھائے جانے والے اقدامات اور ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہر کے تفریحی مقامات، پارکس وغیرہ بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ٹیکسیشن آفیسر کو لینڈ گرانٹ و اینٹی انکروچمنٹ برانچ کے عملے سمیت طلب کیا اور انہیں ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کیں کہ ٹیکسیشن آفیسر کی نگرانی میں لینڈ گرانٹ و اینٹی انکروچمنٹ برانچ کا عملہ تفریحی مقامات و پارکس کو بند کروائے گا۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے سختی سے ہدایت جاری کی گئی کہ پارکس وغیرہ میں موجود شہریوں سے کسی بھی قسم کی بدسلوکی یا بدتمیزی نہ کی جائے بلکہ انہیں آگاہی فراہم کرتے ہوئے گھر میں محدود رہنے کی درخواست کی جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے بچا جاسکے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کہ ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور اگر کوئی اہلکار یا عملہ بدتمیزی یا ناروا سلوک کرے تو فوری ایس ایم سی کے کمپلینٹ سینٹر کے نمبر 111757777 اور میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کے ذاتی نمبر 03333599332 پر شکایت کرسکتے ہیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔